جی ڈی اے، ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کا اتحاد عوام کے حقوق چھیننے کیلئے بنا: بلاول

Bilawal Bhutto

Bilawal Bhutto

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے)، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا اتحاد عوام کے حقوق چھیننے کیلئے بنایا گیا۔

گڑھی خدا بخش میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ صوبوں کو معاشی حقوق دلوانے کیلئے مجھے عوام کی مدد چاہیے، وفاق صوبوں کے ساتھ ناانصافی کر رہا ہے اور صوبوں کا حق کھا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو گرانے کیلئے ایک سال سے کوشش کی جا رہی ہے، جی ڈی اے، ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کا اتحاد عوام کے حقوق چھیننے کیلئے بنایا گیا لیکن پیپلزپارٹی اس کٹھ پتلی اتحاد اور حکومت کے خلاف کھڑی رہے گی۔

بلاول کا کہنا تھا کہ یہ سمجھتے ہیں کہ آصف زرداری کو جیل میں ڈال کر ہمیں دبا سکتے ہیں تو ہم اس کٹھ پتلی حکومت کے ظلم برداشت کرنے کیلئے تیار ہیں لیکن ان کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے، جتنا ظلم کرنا ہےکرلو جسے گرفتار کرنا ہے کرلو، ہم اپنے اصولوں پر سمجھوتا نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم نے قربانیاں دے کر جمہوریت بچائی تھی، آج پھر جمہوریت خطرے میں ہے، اگر آصف زرداری نے کچھ غلط کیا ہے تو سزا کیوں نہیں دیتے؟ بغیر سزا کے انہیں جیل میں کیوں رکھا گیا ہے؟

بلاول بھٹو زرداری نے پی ایس 11 کے ضمنی انتخابات میں جمیل سومرو کو پارٹی ٹکٹ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس 11 کے انتخابات میں بھی کٹھ پتلی اتحاد کو شکست دیں گے۔