پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر سمیت تین ارکان اسمبلی نیب میں طلب

NAB

NAB

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) نیب لاہور نے کرپشن کے الزامات پر تحریک انصاف کے صوبائی وزیر سمیت تین ارکان اسمبلی کو طلب کرلیا۔

نیب لاہور نے سرگودھا سے پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی اورصوبائی وزیر محنت انصر مجید خان کو 19 اگست کو دوپہر 3 بجے طلب کیا ہے، انصر مجید خان پر پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن میں پوسٹنگ اور ٹرانسفر میں کرپشن اوربے ضابطگیوں کاالزام ہے۔

رکن پنجاب اسمبلی غضنفر عباس چھینہ کو 17 اگست کو دن 11 بجے طلب کیا گیاہے، ان پر آمدن سے زائد اثاثہ جات اور محکمہ ریونیو بھکر میں کرپشن کا الزام ہے۔

لاہور سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی ملک کرامت کھوکھر کو 13 اگست کو صبح 11 بجے طلب کیا گیا ہے، ان کو بھی آمدن سے زائد اثاثہ جات کے معاملے میں طلب کیا گیا ہے۔

ان ارکان کو نیب کے تفتیشی افسران کے روبرو پیش ہوکر اپنی صفائی دینے کے لیے بلایا گیا ہے جس کے لیے کال اپ نوٹسز بھی جاری کردیے گئے ہیں۔