عوام کورونا ویکسین لگوانے کیلئے متحرک، حکومت کے پاس ویکسین کا بحران پیدا ہو گیا

Vaccination Centers

Vaccination Centers

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) عوام کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے کیلئے متحرک ہوئے تو حکومت کے پاس ویکسین کا بحران پیدا ہوگیا۔

وفاقی حکومت صوبوں کو ویکسین فراہم کرنے میں سست روی کا شکار ہے ،کراچی،لاہور اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں کو کورونا ویکسین کی کمی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے ویکسین کی دوسری ڈوز کے لیے رکھی گئی ویکسینز بھی پہلی بار آنے والوں کو لگائی جانے لگیں ہیں۔

پہلی ڈوز لگوانے والوں دوسری ڈوز وقت پر نہ لگی تو پہلی ڈوز کا اثر بھی ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

خیبر پختونخوا کے سیکرٹری صحت نے بھی خبردار کردیا ہے کہ ویکسین کی فراہمی میں تاخیر سے ویکسینیشن کا عمل متاثر رہے گا۔

ادھر وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ویکسین کی قلت کی ذمہ داری وفاق پرنہیں ،ویکسینیشن سینٹرز کیلئے ویکسینز مقدار اور ترسیل کی تاریخ کا تعین صوبائی حکومت کرتی ہے۔

دوسری جانب ویکسین کا بحران پیدا ہونے کے بعد وفاقی حکومت نے فوری طور پر مزید 2 کروڑ 75 لاکھ ویکسین کی خوراکیں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت صحت کے مطابق سائنو فارم، سائنو ویک اور کین سائنو ویکسین کی پونے تین کروڑ خوراکوں کی خریداری کے معاملات طے پاگئے ہیں۔ سائنو فارم کی 2 کروڑ 30 لاکھ، کین سائنو کی 20 لاکھ اور سائنو ویک کی 25 لاکھ خوراکیں خریدی جائیں گی۔