عوام سے دھوکا دہی کے ملزم کی ایک ارب 20 کروڑ کی پلی بارگین کی درخواست منظور

National Accountability Bureau

National Accountability Bureau

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور کا کہنا ہے کہ عوام کو زندگی بھر کی جمع پونجی سے محروم کرنے والے ملزم جاوید مظفر بٹ کی ایک ارب 20 کروڑ کی پلی بارگین کی درخواست احتساب عدالت نے منظور کر لی۔

نیب لاہور کے مطابق ملزم کے خلاف عوام سے بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی کی شکایات پر مئی 2019 میں تحقیقات کا آغاز کیا گیا، ستمبر 2019 میں تحقیقاتی ٹیم کی درخواست پر ملزم جاوید مظفر بٹ کو گرفتار کیا گیا۔

نیب لاہور کے مطابق ملزمان کے خلاف ایک موٹر کمپنی کے نام پر عوام الناس سے دھوکا دہی کی مجموعی طور پر 647 مستند شکایات موصول ہوئیں جنہیں ریکارڈ کا حصہ بنا لیا گیا، اکتوبر 2019 میں ہی نیب لاہور میں ایک تقریب کے ذریعے 14 کروڑ مالیت کی 8 نئی گاڑیاں اور 42 گاڑیوں کے مکمل کاغذات متاثرین کے حوالے کیے گئے۔

نیب لاہور کے مطابق ڈیڑھ سال میں مذکورہ کیس میں نیب لاہور نے مجموعی طور پر ایک ارب 92 کروڑ کی بڑی پلی بارگین کیں۔

خیال رہے کہ پلی بارگین ایک مکمل سزا ہے جس میں ملزمان سے ناصرف مکمل رقوم کی وصولی کی جاتی ہے بلکہ وہ سزا یافتہ بھی تصور کیے جاتے ہیں۔