پمپس مالکان کے ناجائز مطالبات کو تسلیم نہیں کیا جائے گا: وزیر توانائی

Hamad Azhar

Hamad Azhar

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر توانائی حماد اظہر کا کہنا ہےکہ پمپس مالکان کے ناجائز مطالبات کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔

ایک بیان میں وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ پیٹرول پمپس کی ہڑتال کی آڑ میں کچھ گروپس 9 روپے کا اضافہ چاہتے ہیں، چند کمپنیوں کو نوازنے کے لیے 9 روپے کا اضافہ نہیں کیا جا سکتا، جائز مطالبات مانیں گے، ناجائز مطالبات تسلیم نہیں کریں گے لہٰذا عوام کو پریشان کرنا درست نہیں۔

وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ مارجن میں اضافے کی سمری پہلے ہی ای سی سی میں پیش کردی ہے، آئندہ اجلاس میں فیصلہ ہو جائے گا لیکن جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرول پمپ مالکان کی مشکلات کا احساس ہے مگر پمپ مالکان عوام کی مشکلات کا احساس کریں اور فیصلے پر نظرثانی کریں۔

واضح رہے کہ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے مارجن بڑھانے کے مطالبے پر ملک بھر میں ہڑتال کی جارہی ہے جس کے باعث کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں پمپس بند ہیں جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔