پنجاب حکومت نے بنیادی مراکز صحت میں ٹیسٹ کئی گنا مہنگے کر دیئے

Basic Health Centers

Basic Health Centers

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب حکومت نے بنیادی مراکز صحت میں ٹیسٹ کئی گنا مہنگے کر دیئے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق لیور فنکشن ٹیسٹ 50 روپے سے بڑھاکر 300 روپے جبکہ الٹرا ساؤنڈ 50 روپے سے بڑھا کر 150 روپے کر دیا گیا۔

سی ٹی اسکین ایک ہزار سے بڑھاکر 2500 اور ای سی جی 60 روپے سے بڑھاکر کر 100 روپے کیا گیا۔

اسپتالوں میں آنے والوں کیلئے پارکنگ فیس بھی مقرر کی گئی اور نوٹیفکیشن کے مطابق کار کے 20 اور موٹرسائیکل کے 10 روپے دینا ہوں گے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ فیسوں کا اطلاق ضلعی، تحصیل، رورل ہیلتھ سینٹرز اور بنیادی ہیلتھ یونٹس پر ہوگا۔ محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہےکہ مستحق افراد اپنے مفت ٹیسٹ زکوۃ فنڈز سے کراسکتے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل کا کہنا ہے کہ پنجاب کے تمام سرکاری اسپتالوں کی ایمرجنسی میں مریضوں کے ٹیسٹ بالکل مفت کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مستحق افراد کیلئے علاج کی مفت سہولیات ختم نہیں کی گئی بلکہ ان ڈور میں آنے والے ایسے افراد جو مستحق نہیں، ان کیلئے ٹیسٹ کی قیمت میں معمولی اضافہ کیا گیا ہے۔