پشتو زبان کے معروف شاعر، محقق اور ادیب سلیم راز انتقال کر گئے

 Saleem Raaz

Saleem Raaz

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) پشتو زبان کے معروف ترقی پسند شاعر، محقق اور ادیب سلیم راز طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔

خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ سے تعلق رکھنے والے پشتو کے معروف شاعر محقق، ادیب، دانشور اور کالم نگار سلیم راز 82 سال کی عمر میں انتقال کر گئے، ان کی نمازجنازہ آبائی گاؤں چارسدہ میں ادا کی گئی اور چارسدہ کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

سلیم راز نے ابتدائی تعلیم مشن پرائمری سکول بنوں سے حاصل کی ، وہ پشتو عالمی کانفرنس کے بانی چیئرمین رہے اور عالمی سطح پر دو پشتو عالمی کانفرنس بھی کرا چکے ہیں۔

ملک گیر سطح پر پاکستانی زبانوں کی ترقی پسند تنظیم عوامی ادبی انجمن پختونخوا کے کنوینر رہے، آخری وقت وقت وہ عالمی پشتو جرگہ کے چئیرمین تھے۔

وہ انٹر نیشنل کانگریس آف رائٹرز کے بانی ممبر اور اکادمی ادبیات پاکستان کے تاحیات ممبر بھی تھے۔

ان کی شاعری میں انسانیت سے محبت اور ظلم و استحصال سے شدید نفرت کا اظہار بھی پایا جاتا ہے، ان کی ادبی خدمات پر انہیں 2009 میں صدارتی ایوارڈ حسن کارکردگی سے نوازا گیا تھا۔