کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر سائیکل میں نصب بم دھماکا، 2 افراد جاں بحق

Quetta Blast

Quetta Blast

بلوچستان (جیوڈیسک) کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر سائیکل میں نصب بم دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا مشرقی بائی پاس کے علاقے شیر جان اسٹاپ پر مقامی میڈیکل اسٹور کے قریب ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 13 افراد زخمی ہوئے۔

واقعے کے بعد پولیس، ریسکیو اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا۔

پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکا خیز مواد سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوع سے ضروری شواہد اکٹھے کیے اور تحقیقات جاری ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کوئٹہ بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بزدل دہشت گردوں نے معصوم اور بے گناہ شہریوں کو بربریت کا نشانہ بنایا، دہشت اور وحشت پھیلانے والوں کا کوئی مذہب، قوم اور قبیلہ نہیں اور یہ سخت ترین سزا کے مستحق ہیں۔

وزیراعلیٰ نے سیکریٹری صحت کو اسپتالوں میں زخمیوں کو علاج و معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے پولیس اور سیکیورٹی کے دیگر اداروں کو دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف نتیجہ خیز کارروائی کرنے اور دہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی۔