کوئٹہ دھماکا خودکش تھا، حملہ آور گاڑی میں بیٹھا رہا: وزیر داخلہ

Sheikh Rashid

Sheikh Rashid

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کوئٹہ میں ہونے والا دھماکا خود کش تھا اور دھماکے کے وقت بمبار اپنی گاڑی میں ہی بیٹھا رہا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے بتایا کہ دھماکے میں 60 سے 80 کلوگرام تک بارودی مواد استعمال کیا گیا، کل کے دھماکے میں 5 افراد شہید ہوئے، چیف سیکرٹری کو فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا یہ ان پاکستان دشمن عناصر کی کارروائی ہے جنہیں پاکستان کی ترقی ایک آنکھ نہیں بھاتی، اس حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گوادر اور بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہیں اور چین پاکستان کا آزمودہ دوست ہے، ہماری دوستی ہمالیہ سے بھی بلند ہے، یہ دھماکا پاکستان کے امن کو تہہ و بالا کرنے کی سازش ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کے تحت 22 اداروں کو ہدایت کی ہے سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی جائے، خیال تھا کہ ایف سی کو کوئٹہ سے نکالیں لیکن اب ایسا نہیں ہے، ایف سی کو کوئٹہ سے نہیں نکالیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اندر سےغیرمستحکم کرنے کی غیر ملکی کوشش کی جا رہی ہے، چین کے سیفر کئی دنوں سے بلوچستان میں ہیں، وہ محفوظ ہیں اور انہوں نے آج بھی اسٹاف کالج سے خطاب کیا ہے۔