رحیم یار خان میں اکبر ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی، 11 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی

Akbar Express

Akbar Express

رحیم یار خان (جیوڈیسک) ولہار اسٹیشن کے قریب ایک مسافر ٹرین حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 67 زخمی ہوگئے۔

لاہور سے کوئٹہ جانے والی اکبر ایکسپریس رحیم یار خان کے قریب ولہار اسٹیشن کی حدود میں کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی، حادثے کے نتیجے میں مسافر ٹرین کا انجن مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور 3 سے 4 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جب کہ 6 سے 7 بوگیاں شدید متاثر ہوئیں۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو عملہ جائے حادثہ پر پہنچ گیا اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں، حادثے کے زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کو جناح اور شیخ زائد اسپتال منتقل کیا گیا۔

ڈی پی او عمر سلامت نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رحیم یار خان کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جب کہ ہیلپ لائن اور کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے۔

ڈی پی او عمر سلامت کے مطابق ابھی تک 11 لاشوں اور 67 زخمیوں کو نکالا جا چکا ہے جن میں 3 سے 4 افراد کی حالت تشویش ناک ہے، زخمیوں کے لیے خون کے عطیات کی ضرورت ہے جس کا انتظام کیا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کٹرز اور ہیوی مشینری موقع پر پہنچ گئی ہے اور ریسکیو آپریشن بھی جلد مکمل ہوجائے گا۔

ایڈیشنل جنرل مینیجر ریلوے زبیر شفیع کے مطابق اکبر ایکسپریس کے ڈرائیور عبدالخالق اور اسسٹینٹ ڈرائیور اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

زبیر شفیع نے بتایا کہ اکبر ایکسپریس کی 10 میں سے 4 بوگیاں پٹری سے اتری ہیں، حادثے کے بعد اپ ٹریک پر ٹرینوں کی آمدو رفت روک دی گئی تھی لیکن ساڑھے 8 بجے اسے بحال کردیا گیا ہے۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ حادثہ صبح 4 بجے کے قریب پیش آیا ہے، ٹرین میں سوار بیشتر مسافر سو رہے تھے، گاڑی کو حادثہ کانٹا تبدیل نہ کرنے کی صورت میں پیش آیا ہے، اسٹیشن والے اپنی ڈیوٹی نہیں کر رہے تھے ورنہ جانی نقصان نہیں ہوتا۔

عینی شاہدین نے مزید بتایا کہ ہمیں اپنی مدد آپ ہی بوگیوں سے نکلنا پڑا، حادثہ پیش آنے کے کافی دیر بعد ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی حیدرآباد ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک مسافر ٹرین سامنے کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں ٹرین ڈرائیور سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔