رجنی کانت اور ایشوریا کی فلم ریلیز کے سالوں بعد مشکل میں پھنس گئی

Rajinikanth and Aishwarya

Rajinikanth and Aishwarya

دہلی (اصل میڈیا ڈیسک) میگا اسٹار رجنی کانت اور بالی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے کی 2010 میں ریلیز ہونے والی سائنس فکشن فلم ’روبوٹ‘ سالوں بعد مشکل میں پھنس گئی۔

رجنی کانت اور ایشوریا کی سائنس فکشن فلم ’روبورٹ‘ 2010 میں ریلیز ہوئی تھی اور باکس آفس پر بھی شاندار کامیابی سمیٹی تھی۔

اس فلم کی ہدایت کاری کے فرائض جنوبی (تامل) فلم انڈسٹری کے معروف ہدایت کار ایس شنکر نے سر انجام دیے تھے جبکہ اے آر رحمان نے موسیقی ترتیب دی تھی۔

اب فلم ریلیز کے سالوں بعد مشکل میں پھنس گئی ہے اور فلم کے ہدایتکار ایس شنکر کے کاپی رائٹ کی خلاف ورزی پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق مقامی مصنف نے ہدایت کار پر فلم کی کہانی چوری کرنے کا الزام عائد کیا تھا اوردرخواست میں کہا کہ ہدایت کار ( جو کہ فلم کے رائٹر بھی ہیں) نے 1996 میں میگزین میں چھپنے والی میری کہانی ’جگوبا‘ چوری کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ 2007 میں بھی یہ کہانی ایک بار پھر پبلش کی گئی تھی جس کے بعد 2010 میں فلم کے ٹریلر سے پتا چلا کہ فلم کی کہانی میری ہی ہے لہٰذا ایس شنکر نے کاپی رائٹس کی خلاف ورزی کی ہے۔

بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر چنئی کے علاقے اگمور کی مقامی عدالت نے ہدایت کار ایس شنکر کو بار بار طلب کرنے کے باوجود پیش نہ ہونے پر عدالت نے ناقابل ضمانت ورنٹ گرفتاری جاری کیے جبکہ کیس کی مزید سماعت 19 فروری کو ہوگی۔

خیال رہے کہ فلم ’روبورٹ‘ سال 2010 کی سب سے زیادہ کمائی والی فلم تھی جبکہ اس فلم کو 2 نیشنل ایوارڈز بھی ملے تھے۔