رمضان میں دعا گو ہیں کہ اللہ ہر بلا کو ہم سے دور فرمائے: شاہ سلمان

King Salman bin Abdul Aziz

King Salman bin Abdul Aziz

الریاض (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ رمضان میں ہمارے عوام اور دنیا کی اقوام کے لیے امید اور سلامتی کی خوش خبریاں ہوں گی۔

ٹویٹر پر اپنے پیغام میں سعودی فرماں روا کا کہنا تھا کہ “ہم رمضان میں اللہ کے حضور گڑگڑائیں گے کہ وہ ہم پر اور پوری دنیا پر سے ہر قسم کی آفت و بلا کو اٹھا لے”۔

سعودی عرب میں عدالت عظمی نے اعلان کیا تھا کہ مملکت میں پہلا روزہ جمعے کے روز ہو گا۔

اس سے قبل شاہ سلمان نے جمعرات کے روز رمضان مبارک کی آمد کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا تھا کہ اس مشکل گھڑی میں سنجیدگی سے کام کرتے رہنے اور متعلقہ ہدایات پر مکمل عمل درامد کی ضرورت ہے۔ شاہ سلمان کا خطاب سعودی وزیر اطلاعات نے پڑھ کر سنایا۔

سعودی فرماں روا نے صحت کے علاوہ سیکورٹی اور ملٹری سیکٹروں سے تعلق رکھنے والے افراد کا شکریہ ادا کیا۔

خادم الحرمین الشریفین نے باور کرایا کہ “ہم شہریوں اور مقیم افراد کی خدمت اور انسان کی سلامتی کے تحفظ کی شدید خواہش رکھتے ہیں”۔

شاہ سلمان کا کہنا تھا کہ “اللہ کے گھروں (مساجد) میں جماعت سے نماز نہ ہونے پر ہمیں تکلیف ہے تاہم شریعت کی تعلیمات میں جان کے تحفظ کو ایک ہم ترین مقصد بنایا گیا ہے”۔