ایک عہدہ لے کر دوسرا دینا عوام کو بیوقوف بنانے کے مترادف ہے: مسلم لیگ ن

Maryam Aurangzeb

Maryam Aurangzeb

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وفاقی کابینہ میں ردوبدل پر کہا ہے کہ ایک عہدہ لے کر دوسرا دینا عوام کو بے وقوف بنانے کے مترادف ہے۔

اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ایک ٹوئٹ اورکابینہ میں ردوبدل کرکے اپنی ذمہ داری سے سبکدوش نہیں ہوسکتے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے آٹا اور چینی سے منسلک تمام فیصلے کیے لہٰذا جب تک وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار گرفتارنہیں ہوتے آٹا اور چینی چوری کا جواب نہیں ملے گا۔

ان کاکہنا تھا کہ وزیراعظم اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے تمام فیصلوں کی منظوری دیتے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی تمام فیصلوں کی منظوری دی لہٰذا لکی ایرانی سرکس کرکے عوام کو بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا۔

خیال رہے کہ آٹا و چینی بحران کی رپورٹ منظرعام پر آنے کے بعد وفاقی کابینہ میں ردو بدل کیا گیا ہے اور جہانگیر ترین کو چیئرمین ٹاسک فورس برائے زراعت کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

خسرو بختیار سے فوڈ سیکیورٹی کی وزارت لے لی گئی، رزاق داؤد کو شوگر ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین اور مشیر صنعت و پیداوارکے عہدے سے ہٹا دیا گيا البتہ وہ بطور مشیر تجارت کام کرتے رہیں گے۔

خیال رہے کہ 4 اپریل کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے آٹا و چینی بحران کی تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر لائی گئی تھی۔

تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ ملک میں چینی بحران کاسب سے زیادہ فائدہ حکمران جماعت کے اہم رہنما جہانگیر ترین نے اٹھایا، دوسرے نمبر پر وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی اور تیسرے نمبر پر حکمران اتحاد میں شامل مونس الٰہی کی کمپنیوں نے فائدہ اٹھایا۔

تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی نااہلی آٹا بحران کی اہم وجہ رہی۔

رپورٹ کے بعد وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ 25 اپریل کو فرانزک رپورٹ ملنے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریں گے۔