راولپنڈی میں 12 روز سے بند راستے کھل گئے، کالعدم تنظیم کے کارکن وزیرآباد میں موجود

Container

Container

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) راولپنڈی میں 12 روز بعد بند راستے کھول دیے گئے جب کہ کالعدم تنظیم ٹی ایل پی کے مظاہرین ابھی تک وزیرآباد اللہ والا چوک پر موجود ہیں۔

راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والے تمام راستوں سے رکاوٹیں ہٹائی دی گئیں جب کہ مری روڈ سے بھی کنٹینرز ہٹا دیے گئے ہیں اور صدر سے فیض آباد تک مری روڈکو ٹریفک کیلئے بحال کر دیا گیا ہے۔

فیض آباد انٹرچینج ٹریفک کیلئے بحال کر دیا گیا اور راولپنڈی میں کئی دنوں سے بند میٹرو بس سروس بھی بحال کردی گئی ہے۔

دوسری جانب کالعدم تنظیم ٹی ایل پی کے مظاہرین ابھی تک وزیرآباد اللہ والا چوک پر موجود ہیں جس کے باعث اللہ والا چوک کے قریب تعلیمی ادارے اور تجارتی مراکز بند ہیں۔

علاوہ ازیں لاہور سے اسلام آباد جانے والی جی ٹی روڈ بند ہے، چناب ٹول پلازہ کے قریب کھودی گئی خندق بھرنے کا عمل شروع نہیں ہوا۔

ادھر گوجرانوالہ کے مولانا ظفر علی خان چوک سے رکاوٹیں ہٹادی گئی ہیں اور اندرون شہر اور سیالکوٹ ائیرپورٹ کو جانے والا راستہ کھول دیا گیا ہے۔

وزیرآباد شہر کے تمام تعلیمی ادارے کھلے ہیں تاہم گوجرانوالہ میں انٹرنیٹ سروس ابھی تک بند ہے۔