انہوں نے سوئے ہوئے جن کو جگا ہی لیا ہے تو نتائج بھی خود بھگتیں: رجب طیب ایردوان

Recep Tayyip Erdogan

Recep Tayyip Erdogan

استنبول (اصل میڈیا ڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ہم ہر شعبے میں قومی و مقامی امکانات کو بلند ترین سطح پر لانے کا عزم رکھتے ہیں۔

صدر رجب طیب ایردوان نے MİLGEM پروجیکٹ کے دائرہ کار میں تیار کئے جانے والے چوتھے اور آخری Ada کلاس توپ بردار فریگیٹ TCGکنالی ادا کو ترک بحریہ کے حوالے کرنے اور پاکستان MİLGEM پروجیکٹ کے پہلے فریگیٹ کی اسٹیل کٹنگ تقریب میں شرکت کی۔

استنبول شپ یارڈ میں منعقدہ اس تقریب سے خطاب میں صدر ایردوان نے کہا ہے کہ “حالیہ دنوں میں دنیا اور بحر اسود میں درپیش حالات ہمیں دیگر تمام شعبوں کی طرح سمندر میں بھی زیادہ مضبوط ہونے کا اشارہ دے رہے ہیں”۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ترکی دنیا میں جنگی بحری جہاز کو اپنے مقامی امکانات سے ڈیزائن کرنے، تیار کرنے اور اس کی دیکھ بھال کرنے والے 10 ممالک میں سے ایک ہے۔

صدر ایردوان نے کہا ہے کہ ہم بحری جہاز کی مشنری سے لے کر بحری توپوں، میزائلوں، تارپیڈو اور الیکٹرانک سسٹموں تک ہر شعبے میں ملّی امکانات کو بلند ترین سطح پر لانے کا بھرپور عزم رکھتے ہیں۔

حالیہ دنوں میں ترکی نے دفاعی صنعت میں جو ترقی کی ہے اس کے طفیل ہم مستقبل کی طرف زیادہ مستحکم اور زیادہ اعتماد کے ساتھ دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایف۔35 طیاروں کے منصوبے میں جو حالات ہمیں پیش آئے ہیں انہوں نے ہمارے عزم کو مزید پختہ کر دیا ہے۔ جیسے ہم نے اپنے مسلح و غیر مسلح ڈرون اور سیٹلائٹ بنائےہیں ایسے ہی انشاءاللہ ہم اپنا جنگی طیارہ بھی تیار کریں گے۔

صدر ایردوان نے اپنے خطاب کو ان الفاظ پر ختم کیا “انہوں نے سوئے ہوئے جن کو جگا ہی لیا ہے تو نتائج بھی خود بھگتیں”۔

وزیر دفاع حلوصی آقار نے بھی تقریب سے خطاب میں کہا کہ تاریخ شاہد رہی ہے کہ مضبوط بحریہ کے مالک ہمیشہ ترقی کرتے رہے ہیں جبکہ کمزور بحریہ کے مالکوں کو ہمیشہ نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ اس نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو ایک مضبوط بحری بیڑے کی ہمیں کل بھی ضرورت تھی آج بھی ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔