ریما کو اپنی فلم کی کہانی لکھوانے کے لیے خلیل الرحمان قمر کا 4 سال سے انتظار

 Khalil-ur-Rehman and Reema

Khalil-ur-Rehman and Reema

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) اداکارہ اور فلم پروڈیوسر ریما خان کا کہنا ہے کہ فلم کی کہانی لکھوانے کے لیے خلیل الرحمان قمرکا 4 سال سے انتظار کر رہی ہوں۔

معروف مصنف اورہدایتکارخلیل الرحمان قمرکے ہمراہ ایک انٹرویومیں ریما نے کہا کہ لمبا دھاگا اورلمبی زبان ہمیشہ الجھ جاتی ہے، اس لئے دھاگا لپیٹ کراورزبان سمیٹ کررکھنی چاہیے، خلیل الرحمان قمرکی زبان سمیٹ دی گئی توان کے قلم سے نکلنے والے خزانے اس اندازسے ہم تک نہیں پہنچیں گے جیسا ہم دیکھنا چاہتے ہیں۔

اداکارہ ریما خان کا کہنا تھا کہ ایک اداکارہ کی حیثیت سے خلیل الرحمان قمر کے ساتھ کام کیا ہے، خلیل الرحمان سے انہیں سیکھنے کا موقع ملا ہے، ان کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ وہ بہت اچھا لکھتے ہیں، اور سب سے بری بات یہ ہے کہ پرفیکشنسٹ ہیں، جب تک مطمئن نہیں ہوتے اسے چھوڑتے نہیں، خلیل الرحمان دل سے کام کرتے ہیں اس لئے کبھی کبھی ان کی زبان سے کوئی بات نکل جائے تو اسے نظر انداز کردینا چاہیے کیونکہ کوئی میں کامل نہیں، یہ صفت صرف اللہ کی ہے۔

ریما خان نے کہا کہ خلیل الرحمان قمرسے میری لڑائیاں بھی ہوتی ہیں لیکن ہمارے درمیان ایک تعلق ہمیشہ رہتا ہے، میں ان کے انداز کو سمجھ گئی ہوں یہ منہ کے بڑبولے ہیں لیکن ان کی بڑبڑاہت معیوب نہیں لگتی۔ خلیل الرحمان قمرکے لہجے میں کڑواہٹ ہے لیکن یہ اپنے قلم سے ایماندارہیں، خلیل الرحمان قمر سے 17 سال کا تعلق ہے، میں ان کا 4 سال سے انتظار کررہی ہوں، میں نے انہیں کہہ رکھا ہے کہ اپنی فلم کی کہانی ان ہی سے لکھواؤں گی۔