ولی عہد کی ‘جی 20 سمٹ’ سے متعلق برازیلی صدر سے ٹیلیفون پر بات چیت

Muhammad bin Salman bin Abdul Aziz

Muhammad bin Salman bin Abdul Aziz

سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز نے برازیل کے صدر جائر بولسنارو سے فون پر بات چیت کی۔ دونوں رہ نمائوں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں سعودی عرب کی میزبانی میں منعقدہ ‘جی 20 سربراہ’ کانفرنس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہ نمائوں نے دونوں دوست ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ آج سے سعودی عرب میں شروع ہونے والی ‘جی 20’ سربراہ کانفرنس کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کو مربوط کرنے پر زور دیا اور دونوں‌ ملکوں کے موقف میں ہم آہنگی پیدا کرنے پر بات چیت کی گئی۔

جمعہ کے روز ‘جی 20’ کے وزرائے خزانہ نے ہفتہ سے شروع ہونے والے دو روزہ سربراہی اجلاس کی تیاری کے لیے ملاقات کی۔ وزراء اجلاس کے لیے حتمی بیان تیار کرنے پر بھی کام کر رہے ہیں۔

‘جی 20’ کے وزرائے خزانہ اس سال اپنی میٹنگوں میں ایک ایسا فریم ورک تیار کررہے ہیں تاکہ کرونا کی وبا کے نتیجے میں غریب ممالک کی زیادہ سے سے زیادہ مدد کو یقینی بنایا جاسکے اور ان ملکوں‌ کے عوام کو طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔