اقراء سٹی فیز 2 یوسی 29 میں رہائشیوں کے مسائل حل کرنے پر تہنیتی تقریب کا انعقاد

DMC East

DMC East

کراچی : اقراء سٹی فیز 2 یوسی 29 میں رہائشیوں کے دیرینہ مسائل کے حل کے حوالے سے تہنیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چئیرمین بلدیہ شرقی معید انور، وائس چیئرمین بلدیہ شرقی عبدالرؤف خان، رکن رابطہ کمیٹی ایم کیوایم پاکستان خالد سلطان یوسی 29 کے چیئرمین علی کوثر،یوسی وائس چئیرپرسن زرین فاطمہ، یوسی کونسلر ثناء علی ودیگر نے شرکت کی، اقراء سٹی فیز 2 کے رہائشیوں نے اس موقع پر چیئرمین معید انور کو بہترین خدمات سر انجام دینے پر خراج تحسین پیش کیا،چیئرمین معید انور کی کوششوں کے سبب اقراء سٹی فیز 2 و ملحقہ علاقوں میں سی سی فلورنگ، فراہمی آب کی لائنوں ودیگر بلدیاتی امور کے کام مکمل کئے گئے جو کہ مذکورہ علاقہ مکینوں کا دیرینہ مسئلہ تھا۔چیئرمین بلدیہ شرقی معید انورنے اس موقع پرعلاقہ مکینوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سہولیات پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے اسی لئے جو بلدیاتی مسائل یہاں موجود تھے ان کے حل کو یقینی بنایا ہے،بلدیاتی مسائل زیادہ اور وسائل کم ہونے کی وجہ سے مشکلات درپیش ہیں لیکن سہولیات کی فراہمی میں ہر ممکن کردار ادا کر رہے ہیں اراکین کونسل بلدیہ شرقی کے فنڈز سے ہونے والے کام تکمیل کے مراحل میں ہیں جبکہ بلدیہ شرقی اپنے طور پر بھی ترقیاتی امور کو یقینی بنا رہا ہے اقراء سٹی، عباس ٹاؤن وملحقہ آبادیوں کے بلدیاتی مسائل دور کرنے پر خوشی ہے کیونکہ یہاں کے مکینوں نے ماضی میں کافی مسائل دیکھنے کے ساتھ عباس ٹاؤن کا سانحہ بھی برداشت کیا ہے ہم آپ کی خوشی و غم میں ہمیشہ شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں۔

کوشاں ہیں کہ ضلعے کے ہر بلدیاتی مسائل کو حل کیا جائے دیگر مسائل کے حل کو بھی یقینی بنایا جائیگا، ضلع شرقی مرحلہ وار ترقی کی جانب گامزن ہے آپ تبدیلی محسوس بھی کر رہے ہونگے اور آئندہ کچھ عرصے میں اس ضمن میں مزید بہتری دکھائی دے گی جہاں بلدیاتی مسائل کے حل پر توجہ ہے وہیں ضلعے کو خوبصورت و ہرابھرا رکھنے کیلئے بھی اقدامات کیئے جارہے ہیں۔ بعد ازاں وائس چیئرمین عبدالرؤف خان،رکن رابطہ کمیٹی خالد سلطان ودیگر نے بھی اس موقع پر علاقہ مکینوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم مشکلات کے باوجود عوام کیلئے ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کر تے رہیں گے،کوشش یہی ہے کہ محدود وسائل کومنصفانہ استعمال کرکے ضلع کے رہائشیوں کو منصفانہ بنیادوں پرسہولیات فراہم کی جائیں.