پابندیوں میں مزید سختی ہوئی تو یورپ کو منشیات کے سمندر میں‌ ڈبو دیں گے: ایران

Europe

Europe

لندن (جیوڈیسک) ایران کی انسداد منشیات پولیس کے ڈائریکٹر محمد مسعود زاھدیان نے دھمکی دی ہے کہ اگر تہران پراقتصادی پابندیوں میں مزید سختی کی گئی اور ایران کی انسداد منشیات کے لیے امداد پر پابندی برقرار رہی تو یورپ کو منشیات کے سمندر میں‌ ڈبو دیں گے۔

ایران کی ‘ارنا’ خبر رساں ایجنسی نے مسٹر مسعود زاھدیان کا بیان نقل کیا ہے جس میں انہوں‌ نے یورپی مُلکوں کو منشیات کے سمندر میں غرق کرنے کی سنگین دھمکی دی ہے۔ انہوں‌ نے کہا کہ یورپ کو ایران کے ساتھ منشیات کے انسداد کے میدان میں تعاون جاری رکھنا چاہیے ورنہ اس کے نتائج خطرناک ہو سکتے ہیں اور ایران یورپ کو منشیات کے سمندر میں غرق کر دے گا۔

انہوں‌ نے الزام عاید کیا کہ بعض مغربی مُمالک افغانستان میں مصنوعی طور پر منشیات تیار کر رہے ہیں۔ رواں سال مارچ سے اب تک ایرانی پولیس نے ایران اور افغانستان کی سرحد پر 3 ٹن منصوعی منشیات قبضے میں لی۔

ایک سوال کے جواب میں ایرانی عہدیدار نے کہا کہ افغانستان میں مصنوعی منشیات کی تیاری کے لیے خام مال مغربی ملکوں اور جنوب مشرقی ایشیائی ریاستوں سے کابل لایا جاتا ہے۔ یہ امرباعث تشویش ہے کہ بعض ممالک کے انٹیلی جنس ادارے افغانستان میں مصنوعی طریقے سے منشیات کی تیاری کے جرم میں معاونت کر رہے ہیں۔