این اے 249 کے نتائج پر (ن) لیگ اور پی پی آمنے سامنے آگئے

Nasir Shah and Maryam Nawaz

Nasir Shah and Maryam Nawaz

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) این اے 249 کے نتائج سامنے آنے پر مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی آمنے سامنے آگئے۔

مسلم لیگ ن نے این اے 249 کا نتیجہ چیلنج کرنے کا اعلان کردیا اور مریم نواز کا کہنا ہے کہ این اے 249 میں (ن) لیگ سے الیکشن چرا لیا گیا، یہاں بھی دھند چھا گئی تھی کہ عملہ اتنی تاخیر سے پہنچا؟ ہمیں بے وقوف سمجھ رکھا ہے کیا؟

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو متنازع ترین الیکشن کا نتیجہ روک دینا چاہیے، الیکشن کمیشن نتیجہ نہ بھی روکے تویہ جیت عارضی ہو گی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت مل رہی ہے اور مل کر رہے گی، یہ سیٹ جلد واپس مسلم لیگ (ن) کے پاس آئے گی۔

سندھ کے صوبائی وزیر ناصر شاہ نے کہا کہ (ن) لیگ سارا الزام الیکشن کمیشن پرڈال دیتی ہے، (ن) لیگ جہاں ہارتی ہے وہاں سے ان کا ایجنٹ نتیجہ لیے بغیر غائب ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ڈسکہ میں بھی یہی کیا تھا، (ن) لیگ شاید بھول گئی کہ اس دفعہ ان کا مقابلہ حقیقی جمہوری پارٹی سے تھا۔