الریاض میں امریکی سفارت خانہ کی جازان پر حوثی ملیشیا کے میزائل حملے کی مذمت

Houthi Militia, Missile Attack

Houthi Militia, Missile Attack

الریاض (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں واقع امریکا کے سفارت خانہ نے یمن سے ایران کے حمایت یافتہ حوثی جنگجوؤں کے جازان میں واقع ایک گاؤں پر میزائل حملے کی مذمت کی ہے۔

سفارت خانے نے بیان میں حوثیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بے گناہ شہریوں پر حملے روک دیں اور بحران کے حل کے لیے سفارتی بات چیت کریں۔

اس نے ٹویٹر پر بیان میں کہا ہے کہ ’’امریکی ایمبیسی گذشتہ شب حوثیوں کے جازان پر حملے کی مذمت کرتی ہے۔اس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوئے ہیں۔ہم تمام مجروحین کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔ہم حوثیوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بے گناہ شہریوں پر حملوں کا سلسلہ روک دیں اور تنازع کے حوالے لیے سفارتی چینل کاآغاز کریں۔‘‘

سعودی عرب کےمحکمہ شہری دفاع کے مطابق ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے منگل کو علی الصباح جنوب مغربی شہر جازان کی جانب ایک میزائل داغا تھا۔یہ میزائل یمن کی سرحد کے نزدیک واقع ایک گاؤں میں بازارپر گرا تھا۔

اس میزائل حملے میں پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں تین سعودی شہری اور دو یمنی ہیں۔انھیں علاج کے لیے اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔

حوثیوں نے حالیہ ہفتوں کے دوران میں سعودی عرب کے شہری علاقوں اور شہری اہداف پر حملے تیز کررکھے ہیں۔وہ کم وبیش روزانہ بارود سے لدے ڈرون اور بیلسٹک میزائل سعودی عرب کی جانب داغ رہے ہیں۔