ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن ساتویں روز بھی جاری، شکارپور اور گھوٹکی کو ملانے والے راستے سیل

Shikarpur Operations

Shikarpur Operations

شکارپور (اصل میڈیا ڈیسک) گڑھی تیغو میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن ساتویں روز بھی جاری ہے۔

ڈی آئی جی لاڑکانہ مظہر نواز شیخ کے مطابق کراچی سے آئے 200 کمانڈوز سمیت مزید 300 پولیس اہلکار آپریشن میں شامل ہیں اور اس دوران کچے میں گھر گھر تلاشی بھی کی جا رہی ہے۔

پولیس حکام کا بتانا ہےکہ آپریشن کے دوران ڈاکوؤں اور پولیس اہلکاروں میں فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے جب کہ پولیس کی فائرنگ سے بیلو تیغانی گینگ کے 2 ڈاکو زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق کچے کے اطراف پولیس چوکیاں قائم کر دی گئی ہیں جب کہ کشمور کے علاقوں درانی مہر اور کچے کیٹی سمیت دیگر علاقوں میں بھی ایکشن کیا گیا ہے، شکارپور اور گھوٹکی کو ملانے والے تمام راستے سیل کر دیے گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک 12 میں سے 9 مغوی بازیاب کرائے گئے ہیں جب کہ ڈاکوؤں کے حملے میں 2 پولیس اہلکار اور ایک فوٹو گرافر شہید، 6 پولیس اہلکارزخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق آپریشن میں اب تک 8 ڈاکو ہلاک اور 12 زخمی ہوئے ہیں۔