حکمران کشمیر کو بیچ چکے ہیں عوام کو سچ بتائیں، فضل الرحمان

Maulana Fazl Rahman

Maulana Fazl Rahman

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ حکمران کشمیر کو بیچ چکے ہیں اور کشمیریوں کے ساتھ نمائشی قسم کی خیر خواہی ظاہرکی جا رہی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت روزانہ کئی کئی جھوٹ بول رہی ہے، کشمیریوں کے ساتھ نمائشی قسم کی خیرخواہی ظاہرکی جارہی ہے، کشمیری اور پاکستانی قوم اب کسی خوش فہمی میں نہ رہیں، حکمران کشمیر کو بیچ چکے ہیں، عوام کو سچ بتائیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیر کو ضم کیا، ہمیں فاٹا کی صورت میں ضم کیا گیا، پہلے ہم سوچتے تھے کہ سری نگر کو کیسے بچائیں اور اب سوچتے ہیں کہ مظفرآباد کیسے بچائیں گے؟ کشمیر کا دارومدار اب کشمیریوں پر ہے، کشمیری جو بھی حکمت عملی بنائیں گے پاکستانی عوام ساتھ کھڑے ہوں گے۔

قبل ازیں مولانا فضل الرحمان سے مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن(ر) صفدر نے بھی ملاقات کی، ایک گھنٹہ جاری رہنے والی ملاقات میں سیاسی صورتحال، چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد کی قراردار میں ناکامی سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی اور کیپٹن صفدر نے نوازشریف کا خصوصی پیغام مولانا فضل الرحمان کو پہنچایا اور بتایا کہ نواز شریف نے اسلام آباد لاک ڈاون کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف اور مریم نواز سمیت دیگر کی گرفتاریوں کے خلاف آواز اٹھانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ نیب کا ادارہ حکومت کے ہاتھوں استعمال ہو رہا ہے، حکومت نیب کے ذریعے اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔