سیف الاسلام قذافی کی نااہلی؛ ججوں کا نظرثانی اپیل کی سماعت سے انکار

 Saif al-Islam Gaddafi

Saif al-Islam Gaddafi

لیبیا (اصل میڈیا ڈیسک) لیبیا کے سابق مقتول صدر معمر قذافی کے صاحب زادے سیف الاسلام قذافی نے کہا ہے کہ عدالتی حکام نے 24 دسمبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں بہ طورامیدوارانھیں نااہل قرار دینے کے خلاف اپیل کی سماعت سے انکار کردیا ہے۔

لیبیا کے ہائی نیشنل الیکشن کمیشن نے ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے ہیں اور کہا ہے کہ وہ صدارتی انتخاب لڑنے کے اہل نہیں ہیں۔انھوں نے اس فیصلے کے خلاف اپیل دائرکی تھی لیکن حکام نے اس کی سماعت سے انکارکردیا ہے۔

سیف الاسلام قذافی کے وکیل خالدالغویل نے العربیہ کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ صدارتی انتخابات کے قانون کی دفعہ 10 پر مبنی تھا لیکن یہ خود قانونی خلاف ورزی ہے اوراس کا اطلاق ان کے مؤکل پر نہیں ہوتا کیونکہ سیف قذافی کے مجرمانہ ریکارڈ کے ثبوت کے طور پر ان کوئی بھی جرم پیش کیا گیا ہے اور نہ ان کے خلاف کسی عدالت نے انھیں کسی جرم میں قصور وارقرار دے کر کوئی فیصلہ جاری کیا تھا۔

انھوں نے یہ بھی اشارہ دیا کہ سیف قذافی کی نااہلی کے خلاف اپیل انتخابی عذرداریوں سے متعلق عدالتی کمیٹیوں کے پاس جمع کرائی جائے گی اور ان کے مؤکل کے بہ طور صدارتی امیدواراخراج کو’’سیاسی فیصلہ‘‘ثابت کیا جائے گا۔

الغویل نے مزید کہا کہ جنگ ابھی جاری ہے اور لیبیا کے باشندے اپنے امیدوار کے انتخاب لڑنے کے حق کے لیے پوری طاقت کے ساتھ جدوجہد کریں گے اور ان کا بہ طور صدارتی امیدوار دفاع کریں گے۔