سیف علی خان ایک بار پھر ہندو انتہا پسندوں کے نشانے پر

 Saif Ali Khan

Saif Ali Khan

ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) بالی ووڈ اداکار سیف علی خان ایک بار پھر ہندو انتہا پسندوں کے نشانے پر آگئے ہیں بی جے پی لیڈر رام کدم نے اداکار اور ان کی ٹیم سے گھٹنے ٹیک کر اور ہاتھ جوڑ کر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

سیف علی خان ان دنوں ویب سیریز ’’تانڈو‘‘ میں کام کرنے کے باعث ایک بار پھر ہندو انتہا پسندوں کے نشانے پر آگئے ہیں۔ دراصل سیف علی خان کی نئی ویب سیریز ’’تانڈو‘‘ میں دکھائے گئے ایک سین میں ویب سیریز کے اداکار محمد ذیشان ایوب ایک اسٹیج پرفارمنس کے دوران ہندو دیوتا شیوا کا روپ دھارے کچھ نازیبا الفاظ بول دیتے ہیں۔ اور ان الفاظ کے باعث ہندو طیش میں آگئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سین کی وجہ سے ہمارے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔

ویب سیریز ’’تانڈو‘‘میں دکھائے گئے اس سین کے باعث بھارت میں ہنگامہ مچ گیا ہے۔ بی جے پی لیڈر رام کدم نے سیف علی خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اداکار ایک بار پھر ایک ایسے پراجیکٹ کا حصہ ہیں جس سے ہندوؤں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
رام کدم نے اپنے ہی ہدایت کاروں اور اداکاروں کی فلموں اور ویب سیریز پر بھڑکتے ہوئے کہا کہ کیوں ہماری فلموں اور ویب سیریز میں ہمارے دیوتاؤں کا مذاق اڑایا جاتا ہے۔ انہوں نے ’’تانڈو‘‘ کے ہدایت کار علی عباس ظفر کو بھی جھاڑ پلاتے ہوئے اس سین کو فوراً ہٹانے کا کہا جس میں ان کے دیوتا کا مذاق اڑایا گیا ہے۔

رام کدم نے اس معاملے کو پولیس میں لے جانے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائیں گے۔ بی جے پی لیڈر نے صرف یہیں پر بس نہیں کیا بلکہ ایک ویڈیو پیغام میں پورے بالی ووڈ کو دھمکاتے ہوئے کہا کیوں بالی ووڈ فلموں میں ہندو دیوتاؤں کی بے عزتی کی جاتی ہے؟ یہ بہت لمبے عرصے سے چلا آرہا ہے۔ اور اب ویب سیریز ’’تانڈو‘‘ میں بھی یہی سب دکھایا جارہا ہے۔ ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے۔ بالی ووڈ دھیان سے سن لے اگر ہمارے جذبات اسی طرح مجروح ہوتے رہے اور اگر کسی نے ہمارے دیوتاؤں کا مذاق اڑانےکی ہمت کی تو ہم اس کی چوراہے کے بیچوں بیچ جوتوں سے پٹائی کریں گے۔

بی جے پی لیڈر رام کدم نے ویب سیریز میں ہندو دیوتا شیوا کا روپ دھار کر گالی بکنے والے اداکار محمد ذیشان ایوب ، سیف علی خان اور ویب سریز کی پوری ٹیم سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ جب تک ویب سیریز میں ضروری تبدیلیاں کی نہیں جاتیں ہم بائیکاٹ تانڈو جاری رکھیں گے۔ یاد رہے کہ بھارت میں ’’بائیکاٹ ٹانڈو‘‘کا ہیش ٹیگ چل رہا ہے۔

رام کدم نے کہا اس سیریز کا جلد سے جلد بائیکاٹ کردیا جانا چاہیے اورسیریز کے ہدایت کار، پروڈیوسر اور اداکاروں کو ہاتھ جوڑ کر اور گھٹنے ٹیک کر معافی مانگنی چاہیے۔ ویب سیریز ’’تانڈو‘‘ میں اداکار سیف علی خان، ڈمپل کپاڈیہ، محمد ذیشان ایوب، سنیل گروور، تگمانشو ڈھولیا، کمود مشرا و دیگر شامل ہیں۔ جب کہ اس ویب سیریز کو علی عباس ظفر نے ڈائریکٹ کیا ہے۔

واضح رہے کہ اداکار سیف علی خان گزشتہ ماہ بھی اس وقت ہندو انتہا پسندوں کے نشانے پر آگئے تھے جب انہوں نے ہندوؤں کے ایک دیومالائی کردار راون سے متعلق بیان دیاتھا۔ انہوں نے کہا تھا راون ایک منفی کردار ہے لیکن ہم اسے ایسے روپ میں پیش کریں گے جو دیکھنے والوں کے لیے تفریح ہوگا اور اس میں سیتا کے اغوا کی مناسب وجہ بھی پیش کی جائے گی۔ سیف علی خان اپنی فلم ’’آدی پُرش‘‘ میں راون کا کردار نبھارہے ہیں۔ تاہم انہیں یہ بیان دینے پر معذرت کرنی پڑگئی تھی۔