پابندیوں سے روس کے 300 ارب ڈالر کے ذخائر منجمد ہوئے ہیں، روسی وزیر خزانہ

Anton Siluanov

Anton Siluanov

روس (اصل میڈیا ڈیسک) روس کے وزیر خزانہ اینٹن سلوانوف کا کہنا ہے کہ غیر ملکی پابندیوں سے روس کے سونے اور زرمبادلہ کے 640 ارب ڈالر کے ذخائر میں سے 300 ارب ڈالر منجمد ہوئے ہیں۔

غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق روسی میڈیا کو دیےگئے ایک انٹرویو میں روسی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ مغرب چین پر بھی روس سے تجارت محدود کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے اور چینی یوآن میں روسی ذخائر تک روس کی رسائی روکنا چاہتا ہے۔

اینٹن سلوانوف کا کہنا تھا کہ مغربی دباؤ کے باوجود چین کے ساتھ ہماری شراکت داری روس چین تعاون کو نہ صرف برقرار رکھے گی بلکہ روس چین تعاون وہاں بھی بڑھایا جائے گا جہاں مغربی مارکیٹیں بند ہیں۔

روسی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ روس اپنی ریاست کے قرض کی ذمہ داریاں پوری کرے گا اور قرض کی مد میں اس وقت تک روبل ادا کرے گا جب تک ریاستی ذخائر منجمد نہ کر دیے جائیں۔