سعودی عرب : ایک کروڑ 70 لاکھ سے زیادہ افراد کووِڈ-19 کی ایپ ’توکلنا‘ استعمال کر چکے

Saudi Arabia App

Saudi Arabia App

سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب میں کرونا وائرس کی وَبا کے دوران میں ایک کروڑ 70 لاکھ سے زیادہ افراد نے وزارتِ صحت کی ایپ ’’توکلنا‘‘ استعمال کی ہے۔سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے نوماہ قبل کرونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے متعارف کرائی تھی۔

سعودی اتھارٹی برائے ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت (سدایا) کی تیارکردہ ایپ ’توکلنا‘ وزارتِ صحت کی منظورشدہ ہے۔اس ایپ کو متعارف کرانے کا مقصد کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے متاثرہ افراد کی نگرانی کرناتھا۔گذشتہ سال سعودی عرب نے اس مہلک وائرس کی وبا کے عروج کے دنوں میں شہروں میں کرفیو نافذ کیا تھا اور اس دوران میں توکلنا ایپ ہی کے ذریعے لوگوں کی نقل وحرکت کی نگرانی کی جاتی رہی تھی۔

سعودی عرب کے وزارت صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے جنوری میں کووِڈ-19 کی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والوں کے لیے آن لائن صحت پاسپورٹ کے اجرا کا اعلان کیا تھا۔یہ صحت پاسپورٹ توکلنا ایپ پر بھی دستیاب ہوگا۔

یہ ’’صحت پاسپورٹ‘‘ بھی سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے سدایا کے تعاون سے تیارکیا تھا۔کووِڈ-19 کی ویکسین کی دوسری خوراک لگوانے والے شخص کو چند سیکنڈز ہی میں توکلنا ایپ پرخودکار طریقے سے صحت پاسپورٹ جاری ہوجاتا ہے۔

سعودی عرب دنیا کا پہلا ملک ہے جہاں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کاوشوں کے حصے کے طور پر’’صحت پاسپورٹ‘‘ جاری کیے جارہے ہیں۔اس سے حکام کو ویکسین لگوانے والے افراد کی شناخت میں مدد ملے گی۔

سعودی وزیرصحت نے مملکت کے مکینوں اور شہریوں کا ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے اور اس کو استعمال کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔سعودی عرب پہلا ملک ہے جس نے کنٹیکٹ ٹریسنگ ایپلی کیشن متعارف کرائی تھی۔

سعودی ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت اتھارٹی کے صدر ڈاکٹر عبداللہ بن شرف الغامدی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے دوران میں ٹیکنالوجی کا سب سے پہلے استعمال کیا گیا ہے۔اس کی بدولت سعودی عرب میں کروناوائرس کے کیسوں کو محدود کرنے میں مدد ملی ہے۔

سعودی عرب نے جون 2020ء میں سماجی فاصلہ کی نشان دہی کرنے والی ایپ ’’تابود‘‘متعارف کرائی تھی۔اگر کوئی شخص کووِڈ-19 کا شکارکسی مریض کے قریب آتا ہے تو یہ ایپ اس کو خبردار کردیتی ہے۔