سعودی عرب میں کرونا کی وجہ سے لگائی گئی سفری پابندی ختم، پروازیں بحال

Saudi Arabia,Travel Ban Lifted

Saudi Arabia,Travel Ban Lifted

الریاض (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب میں‌ کوویڈ 19 کی ایک نئی شکل سامنے آنے کے بعد بیرون ملک آمد ورفت پر عارضی پابندی ختم کرتے ہوئے احتیاطی تدابیرآج اتوار سے فضائی سروس بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے ایک ذریعے نے بتایا ہے کہ اتوار کو دن 11 بجے سے تمام بین الاقوامی پروازیں بحال کر دی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ سمندری اور بری راستوں سے بھی آمد ورفت کو بحال کر دیا گیا ہے۔

سعودی وزارت داخلہ کے ایک سرکاری ذریعے نے بتایا ہے کہ مملکت کی حکومت نے متعدد ممالک میں کرونا وائرس (کوویڈ 19) کے پھیلاؤ سے متعلق احتیاطی تدابیر کے تحت دو ہفتوں کے لیے مملکت میں آمد ورفت بند کردی گئی تھی۔ یہ پابندی کرونا کی ایک نئی شکل کے سامنے آنے کے بعد 20 دسمبر 2020ء کو ایک ہفتے کے لیے لگائی گئی تھی تاہم اسے مزید ایک ہفتے کے لیے بڑھا دیا گیا تھا۔ آج تین جنوری 2021ء کو دن گیارہ بجے سے یہ پابندی اٹھا دی گئی ہے۔

سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے مطابق برطانیہ، جنوبی افریقا ایسے ممالک جہاں پر کرونا کی نئی شکل (B.1 ،1،7) سامنے آئی سے آنے والے مسافروں کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ وہ نئے وائرس سے متاثرہ ممالک سے کم سے کم 14 دن باہر رہے ہیں۔ اس مدت کی میعاد ختم ہونے کے بعد مسافروں کو’ پی سی آر’ کا ٹیسٹ کرانا ہوگا تاکہ مسافر کے کویڈ 19 کی نئی شکل سے متاثر نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی جا سکے۔

ناگزیر حالات اورانسانی بنیادوں پر جن افراد کو مملکت میں آنے کی اجازت دی جائے گی انہیں 14 دن تک قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔

تاہم ایسے ممالک جہاں پر کرونا کی نئی شکل سامنے نہیں آئی ہے وہاں سے آنے والے مسافروں کو 7 دن تک احتیاطی تدابیر کے تحت الگ تھلگ رہنا ہوگا۔