سعودی عرب : کرونا وائرس کے 3924 نئے کیسوں کی تشخیص، 37 مریض چل بسے

Saudi Arabia - Coronavirus

Saudi Arabia – Coronavirus

الریاض (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 3927 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے اور اب تک کل کیسوں کی تعداد 178504 ہوگئی ہے جبکہ پہلے سے کووِڈ-19 کا شکار 37 مریض چل بسے ہیں۔

سعودی وزارتِ صحت نے ہفتے کے روز اطلاع دی ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹے میں الہفوف شہر میں کووِڈ-19 کے سب سے زیادہ کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ان کی تعداد 535 ہے۔اس کے بعد مکہ مکرمہ میں 408 اور الدمام میں 399 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔

وزارتِ صحت کے مطابق اب تک مملکت میں 1511 افراد اس مہلک وبا کا شکار ہوکر وفات پا چکے ہیں جبکہ 1657 مزید مریض صحت یاب ہوگئے ہیں اور یوں کل تن درست ہونے والے مریضوں کی تعداد 122128 ہوگئی ہے۔ یہ کل کیسوں کا 68 فی صد ہیں۔

وزارت صحت نے لوگوں کے کرونا وائرس کا شکار ہونے کی کچھ تفصیل بھی جاری کی ہے کہ کیسے خاندان کے کسی ایک فرد نے دوسروں کو بھی اس مہلک وبا کا شکار کردیا ہے۔اس نے بتایا ہے کہ حفاطتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری نہ کرنے والی ایک خاتون نے خاندان کے باقی21 افراد کو کووِڈ-19 کا مریض کردیا ہے۔ ان میں بعض ضعیف العمر افراد بھی شامل ہیں۔

گذشتہ روز وزارت نے بتایا تھا کہ ایک سعودی شہری نے دوسرے شہر سے آنے کے بعد اپنے خاندان کے افراد سے مصافحہ اور معانقہ کیا تھا جس سے ان میں سے سولہ کرونا کا شکار ہوگئے تھے۔ان میں اس شخص کے والد کی وفات ہوگئی ہے۔ متوفیٰ پہلے بھی دل کے عارضے میں مبتلا تھا اور جمعہ کو کرونا سے چل بسا تھا۔

سعودی حکومت نے حالیہ ہفتوں میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عاید کردہ بہت سی پابندیوں میں نرمی کردی ہے لیکن اس کے باوجود حکام لوگوں پر مسلسل یہ زور دے رہے ہیں کہ وہ پیشگی حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کریں۔باہمی میل ملاپ کے وقت سماجی فاصلہ اختیار کریں، چہرے پر ماسک پہن کر رکھیں، جسمانی معانقہ نہ کریں اور اجتماعات یا جمگھٹا لگانے سے گریز کریں۔