سعودی عرب جوبائیڈن کی صدارت میں امریکا سے تعلقات کے بارے میں خوش امید

Prince Faisal bin Farhan

Prince Faisal bin Farhan

سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب صدر جوزف بائیڈن کی قیادت میں نئی انتظامیہ میں امریکا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے خوش اُمید ہے۔

یہ بات سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ایک خصوصی انٹرویو میں کہی ہے۔انھوں نے کہا:’’ہم خوش اُمید ہیں کہ بائیڈن انتظامیہ میں ہمارے امریکا کے ساتھ شاندار تعلقات استوار ہوں گے۔‘‘

انھوں نے کہا کہ صدر جو بائیڈن نے اب تک جو تقرر کیے ہیں، ان سے ان کے اجتماعی امور کو سمجھنے کی عکاسی ہوتی ہے۔

جوبائیڈن نے بدھ کو امریکا کے چھیالیسویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔انھوں نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ دنیا بھر میں امریکا کے اتحادیوں کے ساتھ مل کرکام کریں گے اور امریکی سفارت کاری کو بحال کریں گے۔

صدر بائیڈن نے کہا کہ ایران کی جوہری صلاحیتوں ، بیلسٹک میزائلوں کے پروگرام اور خطے میں تخریبی سرگرمیوں کے بارے میں مستقبل میں کسی بھی بات چیت میں خلیجی اتحادیوں اور اسرائیل کو شامل کیا جائے گا۔

شہزادہ فیصل نے انٹرویو میں ایرانی نظام پر زوردیا ہے کہ وہ اپنی ذہنیت کو تبدیل کرے اور اپنے شہریوں کی فلاح وبہبود پر اپنی توجہ مرکوز کرے۔