مکہ مکرمہ میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب

 Ghilaf-e-Kaaba

Ghilaf-e-Kaaba

مکہ (جیوڈیسک) ہر سال کی طرح اس بار بھی مکہ مکرمہ میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب منعقد ہوئی۔ غلاف کعبہ ہر سال 9 ذی الحج کو تبدیل کیا جاتا ہے جو کہ خادم الحرمین شریفین کی جانب سے بطور ہدیہ پیش کیا جاتا ہے۔

رواں برس انتظامیہ نے غلاف کعبہ تبدیل کرنے کی تقریب گزشتہ رات کو منعقد کی جس کا مقصد صبح طواف کے لیے آنے والے افراد کو زحمت سے بچانا تھا۔

تقریب میں گورنریٹ کے اعلیٰ عہدیدار اور حرمین شریفین انتظامیہ کے عہدیداران، غلاف کعبہ فیکٹری کے ذمے داران، شاہی خاندان کے افراد سمیت سفراء، عمائدینِ شہر اور علماء ومشائخ نے بھی شرکت کی۔

غلاف کعبہ کو کِسوہ بھی کہا جاتا ہے، اس کی تیاری میں 670 کلوگرام خالص ریشم کے علاوہ سونے اور چاندی کا بھی استعمال کیا گیا ہے۔

رواں برس غلاف کعبہ کی تیاری پر تقریباً 70 لاکھ ریال لاگت آئی ہے جو پاکستانی روپے میں 29 کروڑ 47 لاکھ سے زائد بنتی ہے۔