سعودی عرب میں کووِڈ-19 کے 3393 نئے کیس، 40 مریضوں کی وفات

Saudi Arabia

Saudi Arabia

سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں کمی کا رجحان جاری ہے اور گذشتہ 24 گھنٹے میں 3393 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ کووِڈ 19 کا شکار 40 مریض وفات پاگئے ہیں۔

اب مملکت میں کرونا وائرس کے کیسوں کی کل تعداد 161005 ہوگئی ہے۔ان میں 1307 مریض وفات پا چکے ہیں جبکہ اب تک تن درست ہونے والے کیسوں کی تعداد 105175 ہوگئی ہے۔سوموار کو وزارت صحت نے 4045 نئے مریضوں کے صحت یاب ہونے کی اطلاع دی ہے۔

سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے لوگوں پر مسلسل یہ زوردے رہے ہیں کہ وہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کریں۔اجتماعات سے گریز کریں ، باہمی میل جول میں سماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور گھروں سے باہر چہرے پر ماسک پہن کر نکلیں۔

ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں جون کے اوائل تک کرونا کے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں کمی واقع ہورہی تھی لیکن پھر اچانک اس میں اضافہ شروع ہوگیا۔اس کی بنیادی وجہ یہ بنی تھی کہ لوگوں نے احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کرنا شروع کردیا تھا اور وہ حفاظتی تدابیر کی پاسداری نہیں کررہے تھے۔

ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے گذشتہ جمعرات کو نیوز بریفنگ میں کہا کہ{{ معمول کے حالات کی بحالی کا یہ مطلب نہیں کہ وَبا ختم ہوگئی ہے۔ وائرس ابھی تک موجود ہے،وائرس فعال اور وبا موجود ہے اور ابھی تک اس کی کوئی ویکسین دریافت نہیں ہوئی ہے۔ تحقیق جاری ہے اور ہم پُرامید ہیں۔علاج کے پروٹوکولز پر مستقل طور پر نظرثانی کی جارہی ہے۔‘‘

سعودی وزارت داخلہ نے مملکت بھر میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عاید کردہ بیشتر پابندیاں اتوار سے ختم کردی ہیں اور کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے پیشگی حفاظتی تدابیر کی پاسداری کرتے ہوئے تمام اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کی اجازت دے دی ہے۔ تاہم بین الاقوامی سفر پر پابندیاں تاحکم ثانی برقرار رہیں گی اور برّی اور بحری سرحدیں بھی بند رہیں گی۔