سعودی عرب :کووِڈ-19 کے 2541 مریض صحت یاب، 1968 نئے کیسوں کی تشخیص

Saudi Arabia - Coronavirus

Saudi Arabia – Coronavirus

سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں مسلسل کمی واقع ہورہی ہے اور کووِڈ-19 کے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔اتوار کو سعودی وزارت صحت نے اس مہلک مرض میں مبتلا مزید 2541 مریضوں کے صحت یاب ہونے اور 1968 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے۔

وزارت صحت کے فراہم کردہ اعداد وشمار کے مطابق اب تک سعودی عرب میں کرونا وائرس کے تشخیص شدہ کل مریضوں کی تعداد 266941 ہوگئی ہے۔ان میں 220323 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

آج الہفوف شہر میں کووِڈ-19 کے سب سے زیادہ کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ ان کی تعداد 208 ہے،الطائف میں 195،دارالحکومت الریاض میں 126 اور مکہ مکرمہ میں 109 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔

مدینہ منورہ میں 59 اور ساحلی شہر جدہ میں صرف 41 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔کرونا کے باقی کیس مملکت کے دوسرے شہروں اور علاقوں میں ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

کووِڈ-19 میں مبتلا مزید 30 مریض وفات پاگئے ہیں اور 26 جولائی تک اس مہلک وائرس سے وفات پانے والوں کی تعداد 2733 ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ سعودی حکومت نے کرونا وائرس کی وَبا پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کو 9 اور10 ذی الحجہ کو حج کے رکن اعظم یومِ عرفہ اور عید الاضحیٰ کے دن عام عبادت گزاروں کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔