سعودی عرب: کووِڈ-19 کا شکار 16 مریضوں کی وفات،385 نئے کیسوں کی تصدیق

Saudi Arabia - Coronavirus

Saudi Arabia – Coronavirus

سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران میں کووِڈ-19 کا شکار 16 مریض وفات پا گئے ہیں اور وزارت صحت نے 385 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے جبکہ پہلے سے اس مہلک وائرس کا شکار375 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔

وزارت صحت نے ایک بیان میں بتایا ہے اب مملکت میں کرونا وائرس کے کل تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد 342968 ہوگئی ہے۔ان میں سے 329270 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور 5217 مریض وفات پا چکے ہیں۔

مدینہ منورہ میں آج بھی کرونا وائرس کے سب سے زیادہ 59 کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔ینبع میں 31 ،مکہ مکرمہ میں 27 اور دارالحکومت الریاض میں 23 نئے کیسوں کا اندراج کیا گیا ہے۔خمیس مشیط میں کرونا وائرس کے 22، الدمام میں 20 اور المبرز میں 18 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔

وزارت صحت کے مطابق اس وقت سعودی عرب میں کرونا وائرس کے فعال کیسوں کی تعداد 8481 ہے۔ان میں سے 840 کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

سعودی عرب میں حالیہ ہفتوں کے دوران میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے مگر اس کے باوجود سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے خبردار کیا ہے کہ اگراس مہلک وَبا سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر کونظرانداز کیا گیا تو ایک مرتبہ پھر مملکت میں کووِڈ-19 کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

انھوں نے سوموار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ اس وقت متعدد ممالک میں کووِڈ-19 کی وَبا کی دوسری لہر چل رہی ہے اور اس کا بنیادی سبب لوگوں کا پیشگی احتیاطی تدابیر کی پاسداری نہ کرنا اور چہروں پر ماسک نہ پہننا ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ جمعرات سے سعودی عرب میں کرونا وائرس کے روزانہ 400 سے کم کیس رپورٹ ہورہے ہیں۔