سعودی عرب سے تعلقات بحال کرنے کیلئے ہر وقت تیار ہیں، ایران

Hossein Amirabdollahian

Hossein Amirabdollahian

تہران (اصل میڈیا ڈیسک) ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبدالحیان نے کہا کہ سعودی عرب سے مذاکرات تعمیری اور مثبت رُخ پر جارہے ہیں، ہم سعودی عرب سے کسی بھی وقت تعلقات بحال کرنے کیلئے تیار ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ خطے کے مسائل کے حل کیلئے خطے میں موجود ممالک بشمول، ترکی، مصر اور سعودی عرب کے مابین مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے کہا تھا کہ کشیدگی کو کم کرنے کیلئے تہران اور ریاض کے درمیان جاری مذاکرات نتیجہ خیز ثابت ہوں گے یا نہیں، اس کا انحصار سعودی عرب کی سنجیدگی پر ہے۔

گزشتہ سال ایران اور سعودیہ کے مابین بات چیت کا آغاز ایسے وقت میں ہوا تھا جب عالمی طاقتیں جوہری معاہدے پر ایران کو قائل کرنے میں مصروف تھیں۔

ترجمان نے کہا تھا کہ ہم سعودی عرب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ دوسرے ممالک کے معاملات میں دخل انداز ہوئے بغیر خطے سے جُڑے مسائل کے مشترکہ سیاسی و سفارتی حل تلاش کرے۔ کیونکہ ہمارا ماننا ہے کہ خطے کے استحکام کیلئے ممالک میں باہمی احترام اور ہم آہنگی کی فضا قائم ہونا ضروری ہے۔