سعودی عرب: کووِڈ- 19 ویکسین کی پہلی خوراک کی مہم میں توسیع، دوسرا انجیکشن مؤخر

Saudi Arabia Vaccines

Saudi Arabia Vaccines

سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کی وزارت صحتِ نے کووِڈ-19 کی ویکسین کا دوسرا انجیکشن لگانے کی مہم مؤخر کرنے کااعلان کیا ہے اور اس سے پہلے معاشرے کے تمام افراد بالخصوص خطرے سے دوچار گروپوں کو ویکسین کا پہلا انجیکشن لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جن لوگوں کو ویکسین کی دوسری خوراک لگانے کا وقت اور دن طے کیا جاچکاتھا،اس کواب اتوار 11 اپریل سے ملتوی کیا جارہا ہے۔اب انھیں دوسرا انجیکشن لگانے کی تاریخوں کااعلان بعد میں کیا جائے گا۔

وزارت صحت نے واضح کیا ہے کہ ’’یہ فیصلہ ویکسینوں کی عالمی سطح پر رسد میں کمی کے پیش نظر کیا گیا ہے کیونکہ کووِڈ-19 کی ویکسینیں تیار کرنے والی کمپنیاں دنیا کے ملکوں کی مانگ کو پورا نہیں کرپارہی ہیں اور وہ ان ملکوں سے طے شدہ سودے کے مطابق ویکسین کی خوراکیں مہیا نہیں کررہی ہیں۔اس صورت حال کے پیش نظرمملکت کی بیشترآبادی کو پہلے ویکسین کی پہلی خوراک لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بالخصوص خطرے سے دوچار گروپوں کو پہلے ویکسین لگائی جائے گی۔‘‘

سعودی حکام نے تمام شہریوں اور مکینوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ویکسین کی پہلی خوراک لگوانے کے لیے ’’صحتی ایپ‘‘ پرفوری طور پر اپنے ناموں کا اندراج کرائیں۔خاص طور پرخطرے سے دوچار افراد اپنے ناموں کا ضرور اندراج کرائیں۔

اس وقت سعودی عرب بھرمیں قریباً 600 ویکسی نیشن مراکزکام کررہے ہیں اور وہاں شہریوں اور مکینوں کو کووِڈ-19 کی مفت ویکسینیں لگائی جارہی ہیں۔ان کے علاوہ مزید ویکسی نیشن مراکز بھی کھولے جا رہے ہیں۔