اسکولوں میں سردیوں کی چھٹیاں بڑھا دی گئیں

Schools

Schools

سندھ (اصل میڈیا ڈیسک) ملک کے بیشتر علاقے اس وقت شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، سرد موسم میں اضافے کے باعث خیبر پختونخوا (کے پی کے) کے اسکولوں میں سردیوں کی چھٹیاں 7 جنوری تک بڑھا دی گئیں جب کہ سندھ میں بھی چھٹیوں میں اضافے کا امکان ہے۔

ملک کے پہاڑی علاقوں میں ان دنوں برف ہی برف ہے جب کہ میدانی علاقے برفیلی ہواؤں کی لپیٹ میں ہیں۔

پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ کے مختلف شہروں میں صبح کے اوقات میں دھند سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے اور ٹرینیں اور ہوائی جہاز کی پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہیں۔

سردی میں اضافے کے باعث کے پی کے انتظامیہ نے اسکولوں میں سردیوں کی چھٹیاں 7 جنوری تک بڑھا دی ہیں۔

دوسری جانب سردی کی شدت میں اضافے کے بعد محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے بھی سردیوں کی چھٹیوں میں اضافے کا امکان ہے، اس حوالے سے حتمی فیصلہ منگل کو کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چھٹیوں میں ایک ہفتہ مزید اضافہ کا امکان ہے،سیکرٹری اسکولز چھٹیوں میں اضافے سے متعلق حتمی فیصلہ کل کریں گے۔

واضح رہے کہ سندھ میں اسکولوں اور کالجز میں موسم سرما کی تعطیلات کل 31 دسمبر کو ختم ہورہی ہیں۔