سینیٹ الیکشن: پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی منظور

Faisal Wawda

Faisal Wawda

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن کے لیے تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر فیصل واوڈا سینیٹ الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے سلسلے میں کراچی میں الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر میں پیش ہوئے۔

فیصل واوڈا کی الیکشن کمیشن کے دفتر آمد کے موقع پر پی ٹی آئی کارکنان بھی موجود تھے اور پیپلز پارٹی کے کارکنان بھی وہاں تھے جس کی وجہ سے الیکشن کمیشن آفس کے باہر کشیدگی پید اہوئی۔

دونوں جماعتوں کے کارکنان نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی تاہم اس دوران امن و امان کی صورتحال برقرا رکھنے کے لیے پولیس کی نفری بھی موجود رہی۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف سندھ نے فیصل واوڈا کو سینیٹ کا ٹکٹ دینے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا اور اس سلسلے میں گورنر سندھ کو خط بھی لکھا تھا لیکن پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں ٹکٹوں کے معاملے پر نظر ثانی کے بعد وزیراعظم نے فیصل واوڈا پر اعتراض کو مسترد کردیا اور ان کا سینیٹ کا ٹکٹ برقرار رکھنے کا اعلان کیا۔