سینیٹ الیکشن: رؤف صدیقی کی اپیل مسترد، نااہلی برقرار

Rauf Siddiqui

Rauf Siddiqui

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) سندھ ہائیکورٹ نے ایم کیو ایم رہنما رؤف صدیقی کی الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف اپیل مسترد کر دی۔

الیکشن ٹریبونل اور ریٹرننگ افسر نے سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کے لیے رؤف صدیقی کی جانب سے داخل کیے گئے کاغذات نامزدگی کو مسترد کر دیا تھا۔

ریٹرننگ آفیسر کا اعتراض تھا کہ رؤف صدیقی کی تعلیم 16 برس کی نہیں ہے جبکہ رؤف صدیقی نے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا تاہم ہائیکورٹ نے بھی الیکشن ٹریبونل اور ریٹرننگ افسر کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے رؤف صدیقی کی درخواست مسترد کردی۔

عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رؤف صدیقی نے کہا کہ میرا الیکشن تو گیا بھاڑ میں، تمام شرائط پر پورا اتر رہا ہوں مگر صرف دو سال کا مسئلہ ہے، جن لوگوں نے دو سالہ ڈگری کی ہے اسے ریگولرائزڈ کرانا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ہمیشہ ناٹ فار سیل رہی ہے، سینیٹ الیکشن میں ایم کیو ایم کا کوئی رکن نہیں بکے گا اور نہ بکا ہے۔