سارجنٹ قتل کیس: بلوچستان حکومت کا مجید اچکزئی کی بریت چیلنج کرنے کا فیصلہ

Majeed Achakzai

Majeed Achakzai

بلوچستان (اصل میڈیا ڈیسک) بلوچستان حکومت نے بھی سارجنٹ قتل کیس میں سابق ایم پی اے عبدالمجید اچکزئی کی بریت کو چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے ٹوئٹر کے ذریعے عبدالمجید اچکزئی کی بریت کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا۔

اس سے قبل بلوچستان پولیس کے ایڈیشنل آئی جی نے ٹریفک سارجنٹ قتل کیس میں عبدالمجید اچکزئی کی بریت کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ایڈیشنل آئی جی بلوچستان عبدالرزاق چیمہ کا کہنا تھا کہ کیس میں اپیل کی درخواست کی تیاری آخری مراحل میں ہے، تفصیلی فیصلے اور دستاویزات کا جائزہ لےکر درخواست کو حتمی شکل دیں گے۔

واضح رہےکہ 4 ستمبر کو بلوچستان کی ماڈل کورٹ نے کوئٹہ میں ٹریفک سارجنٹ کے قتل کیس میں سابق ممبر صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) مجید خان اچکزئی کو عدم ثبوت پربری کیا تھا۔

2017 میں بلوچستان کی اسمبلی کے رکن اور اس وقت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین مجید اچکزئی پرسارجنٹ عطاللہ کو گاڑی کی ٹکر سے ہلاک کرنے کا الزام تھا۔

ٹریفک پولیس انسپیکٹر عطا اللہ کی ہلاکت کا واقعہ 20جون 2017 کو کوئٹہ کے زرغون روڈ پر ایک گاڑی کی ٹکر سے پیش آیا تھا۔