شاہ محمود قریشی اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے درمیان رابطہ طے پا گیا

Shah Mahmood Qureshi - António Guterres

Shah Mahmood Qureshi – António Guterres

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریز کے درمیان رابطہ آج شام پانچ بجے ہو گا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ طے پا گیا ہے، پاکستانی وقت کے مطابق آج شام 5 بجے ہونے والی بات چیت میں وزیرخارجہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیریز کو مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور امن و امان کی مخدوش صورت حال سے آگاہ کریں گے۔

قابض بھارتی فوج کے بڑھتے ہوئے مظالم اور مودی سرکار کی چالبازیوں سے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرش کو آگاہ کرنے کا یہ بہترین وقت بھی ہے کیوں کہ انتونیو گوٹیرش ان دنوں فرانس کے دورے پر ہیں جہاں بھارتی وزیراعظم بھی موجود تھے اور اپنا موقف فرانسیسی صدر کے سامنے رکھ چکے ہیں۔

بھارت کے منفی عزائم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس سمیت دیگر عالمی قوتیں پہلے ہی اپنی تشویش کا اظہار کرچکی ہے جب کہ پاکستان بھی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا معاملہ عالمی عدالت انصاف میں لے جانے کا اعلان کر چکا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے دن سے تاحال غیر معینہ مدت تک کے لیے کرفیو نافذ کر رکھا ہے اور اس دوران شہریوں کو بنیادی اشیائے صرف کی قلت کا سامنا ہے جب کہ سیاسی قیادت کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔