شاہ محمود نے اماراتی وزیر کے سامنے پاکستانیوں کے ویزہ کا معاملہ اٹھا دیا

Shah Mehmood Qureshi

Shah Mehmood Qureshi

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اماراتی وزیر کے سامنے پاکستانی شہریوں کے ویزہ کا معاملہ اٹھا دیا۔

نائیجر میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ قریشی نے اماراتی بین الاقوامی تعاون کے امورکی وزیر مملکت ریم الہاشمی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور کورونا صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں وزرا نے اگلے سال دبئی میں منعقد ہونے والی ’ایکسپو‘ میں پاکستان کی شرکت کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا جب کہ اماراتی وزیر نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 47 ویں اجلاس کے موقع پر وزیرخارجہ کے خطاب کو سراہا۔

وزیرخارجہ نے پاکستانی شہریوں کو یو اے ای کے ویزہ کے حصول میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا اور پاکستانیوں کے ویزہ مشکلات کے جلد ازالےکی ضرورت پر زور دیا۔