شاہ سلمان اور امریکی صدر کا دفاعی شراکت داری جاری رکھنے کا اعلان

King Salman bin Abdulaziz Al Saud

King Salman bin Abdulaziz Al Saud

وائٹ ہائوس (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفون پر بات چیت ہوئی ہے۔ وائٹ ہائوس کے مطابق دونوں رہ نمائوں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں تیل کی عالمی منڈی میں استحکام کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق وائٹ ہائوس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ اور سعودی فرمانروا کے درمیان جمعہ کی شام ٹیلیفون پر بات چیت ہوئی۔ دونوں رہ نمائوں نے دو طرفہ دفاعی شراکت جاری رکھنے اور کامیابیوں سے بھرپور تاریخی تزویراتی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔

صدر ٹرمپ اور شاہ سلمان کے درمیان ہونے والی بات چیت میں خطے کی صورت حال پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہ نمائوں نے خطے میں استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ واشنگٹن خطے میں اپنے اتحادیوں کے مفادات اور ان کی سلامتی کے تحفظ کا پابند ہے۔ امریکا خطے میں امن کو تباہ کرنے والی قوتوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے عزم پر قائم ہے۔

ٹرمپ نے یمن میں جاری بحران کے سیاسی حل کی کوششوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن یمن میں جاری تنازع کے پرامن حل کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

اس موقعے پر شاہ سلمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب یمن میں جاری سیاسی تنازع کے جامع اور دیر پا حل کے لیے مساعی جاری رکھے ہوئے ہے۔