شہباز شریف کو وطن واپس آنا چاہیے: خواجہ آصف

Khawaja Asif

Khawaja Asif

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے بھی پارٹی صدر شہباز شریف کی وطن واپسی کو ضروری قرار دے دیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ شہباز شریف کو واپس آنا چاہیے، وہ اس سے اتفاق کرتے ہیں کہ (ن) لیگ کے صدر کی لمبی غیر حاضری سے اخبارات کو خبریں بنانے کا موقع مل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری کوئی اوقات نہیں کہ میں ان کی جگہ کو پُر کرسکوں، شہباز شریف واپس آئیں گے تو بہت مختلف صورتحال ہو گی۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی آپریشن کی تاریخ فکس نہیں ہورہی جب یہ عمل مکمل ہوگا تو وہ واپس آجائیں گے۔

سابق وزیر دفاع نے بتایا کہ پارٹی اجلاس میں ایم این اے محسن رانجھا نے کہا کہ میاں نواز شریف کو بھی واپس آنا چاہیے، اُس پر انہوں نے محسن رانجھا سے کہا کہ علاج ہونے کے بعد میاں صاحب ضرور واپس آئیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے اجلاس میں ارکان نے پارٹی پالیسیوں پر سخت تنقید کی تھی۔

اجلاس سے خطاب میں سینیٹر پیر صابر شاہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی ناقص کارکردگی پر مسلم لیگ (ن) کو فائدہ اٹھانا چاہیے تھا لیکن پارٹی نے قائد کے بیانیہ کو پس پشت ڈال کر نقصان اٹھایا ہے، ہماری پارلیمان میں کارکردگی پر عوام افسوس کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف گزشتہ چند ماہ سے علاج کے سلسلے میں لندن میں موجود ہیں جب کہ ان کے ساتھ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف بھی لندن میں قیام پذیر ہیں، حکومت نے نوازشریف کی واپسی کے لیے برطانیہ کو خط بھی لکھا ہے۔