’شہریار آفریدی اس شخص کو پیش کریں جس کے ذریعے وہ مجھ تک پہنچے‘

 Rana Sanaullah

Rana Sanaullah

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ شہریار آفریدی نے کہا تھا کہ وہ ایک بندے کے ذریعے مجھ تک پہنچے اب یہ وہ بندہ اور ویڈیو پیش کریں جس کا انہوں نے دعویٰ کیا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر ریاست شہریوں کے خلاف غلط مقدمہ درج کرائے گی تو باعث شرم بات ہوگی، روزانہ ضمانتیں ہورہی ہے، شاہد خاقان، احسن اقبال اور سعدرفیق کی بھی ضمانتیں ہوں گی۔

اپنے کیس سے متعلق بات کرتے ہوئے لیگی رہنما نے کہا کہ انصاف کی جنگ میں وکلا اور ساتھیوں کی مدد سے بھرپور طریقے سے لڑوں گا،ان کی کوشش ہے کہ ہم ان سے ویڈیو نہ مانگیں جس کا انہوں نے دعویٰ کیا تھا، شہریارآفریدی نے کہا تھا کہ وہ ایک بندے کے ذریعے مجھ تک پہنچے، یہ وہ بندہ اور ویڈیو پیش کریں، جس کا انہوں نے دعویٰ کیا تھا، پراسیکیوشن بیان ریکارڈ کرا دے ہمارے پاس ویڈیو اور بندے نہیں ہم درخواست واپس لے لیں گے۔

لیگی رہنما نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ سرعام پھانسی کی مذمت کرتے رہے، کل پی ٹی آئی کے وزیر نے قرارداد پاس کرائی، یہ معاشرے میں تخلیاں اور نفرتیں پیدا کررہے ہیں اس کا ازالہ سالوں میں ممکن نہیں ہوگا۔

رانا ثنا کا کہنا تھا کہ مریم نواز کے خلاف جھوٹا بے بنیاد مقدمہ درج کیا گیا، وہ ضمانت پر ہیں، انتظامی طور پر کسی کو حق نہیں ان کی موومنٹ پرپابندی لگائے، ان کی نقل و حرکت پر پابندی لگانا بدترین سیاسی انتقام ہے، مریم کا حق ہے کہ وہ والد کی تیمارداری کریں انھیں روکنا ظلم ہے، ان کا نام غیر قانونی طور پر ای سی ایل میں ڈالا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اتحادیوں کی بات چھوڑیں 22 کروڑ عوام ان سے ناراض ہیں، اتحادی جتنی جلدی ان کی کشتی سے چھلانگ لگادیں محفوظ رہیں گے، حکومت نے عوام کی جیب پر 180 ارب کا ڈاکہ ڈالا ہے، ان کی اے ٹی ایمز نے عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈالا ہے۔

رانا ثنااللہ نے مڈٹرم الیکشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ عبوری سیٹ اپ کی حامی نہیں۔