شیخ الازھر کی آذربائیجان اور آرمینیا سے فوری جنگ بندی کی اپیل

Dr. Ahmad Al-Tayyib

Dr. Ahmad Al-Tayyib

مصر (اصل میڈیا ڈیسک) مصر کی سب سے بڑی دینی درس گاہ جامعہ الازھر کے سربراہ ڈاکٹر احمد الطیب نے آذربائیجان اور آرمینیا پر فوری جنگ بندی اور تنازع کے سیاسی حل کے لیے فوری طور پر غیر مشروط مذاکرات پر زور دیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس ‘فیس بک’ اور ٹویٹر پرپوسٹ کردہ بیان میں شیخ الازھر نے ناگورنو کاراباخ میں دونوں متحارب ملکوں سے جنگ روکنے اور تنازع کے حل کے لیے بات چیت شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

انگریزی اور عربی زبانوں میں سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی اپیل میں شیخ الازھر نے کہا ہے کہ آذربائیجان اور آرمینیا دونوں اچھے ہمسائے بنتے ہوئے طاقت کے بجائے تنازع کے حل کے لیے دماغ کو استعمال کریں، امن، انسانیت اور ایک دوسرے کی عوام کے احساس میں امن عمل کی طرف رجوع کریں۔

خیال رہے کہ کل جمعرات کو آرمینیا نے آذربائیجان کے ساتھ جاری لڑائی میں جنگ بندی کی خبروں کی تردید کی تھی۔ آرمینیا کے متنازع علاقے ناگورنو کارا باخ کی وزارت دفاع نے بھی جنگ بندی سے متعلق اطلاعات کی تردید کی ہے۔

دو ہفتے سے جاری لڑائی میں اب تک ہزاروں افراد نقل مکانی کرچکے ہیں۔ آرمینیا اور آذربائیجان کےدرمیان ناگورنو کارا باخ میں سنہ 1990ء سے تنازع چل رہا ہے۔ اس عرصے میں دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والی لڑائیوں میں 30 ہزار افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔