سندھ اسمبلی: پی ٹی آئی والوں نے اپنے باغی ارکان کی پٹائی کردی

Sindh Assembly

Sindh Assembly

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) تحریک انصاف کے اراکین سندھ اسمبلی نے اپنے باغی اراکین کی پٹائی کر دی۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس جاری تھا کہ اس دوران تحریک انصاف کے تین باغی ارکان کریم بخش گبول، شہریار شر اور اسلم ابڑو ایوان میں پہنچے اور حاضری لگائی، حکومتی اراکین نے تینوں ایم پی ایز کا استقبال کیا جس پر پی ٹی آئی اراکین آگ بگولہ ہو گئے۔

سندھ اسمبلی میں باغی ارکان کے آنے پر پی ٹی آئی کے پہلے سے موجود اراکین نے شور شرابا شروع کر دیا اور آپس میں گتھم گتھا ہوگئے، پی ٹی آئی اراکین نے باغی اراکین کی خوب پٹائی لگائی جس پر پیپلزپارٹی اراکین بیچ بچاؤ کے لیے آ گئے۔

بعد ازاں اسپیکر نے ایوان میں ہلڑ بازی کے بعد اجلاس کل تک ملتوی کر دیا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کے لیے جمع ہوئے تو اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ اور صحافیوں کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی جس کے بعد وہ میڈیا سے گفتگو نہیں کر سکے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے ان تین اراکین نے سینیٹ الیکشن میں پارٹی کو ووٹ نہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

ان کا الزام ہے کہ گورنر ہاؤس میں امیدواروں کو سینیٹ کے ٹکٹ بانٹے گئے، پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان اور فردوس شمیم نے ان کے اغوا کا دعویٰ کیا تھا جس پر ان تینوں اراکین کی گزشتہ روز ویڈیو سامنے آئی۔