سندھ کابینہ نے سکسیشن سرٹیفکیٹ بل 2020 منظور کر لیا

Meeting

Meeting

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) نئے مجوزہ قانون کے تحت سکسیشن سرٹیفکیٹ کیلئے براہ راست نادرا کو درخواست دی جا سکے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت میں کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزراء، چیف سیکریٹری، صوبائی مشیر اور متعلقہ افسران شریک ہوئے۔ کابینہ نے رولز آف بزنس میں ترمیم، سکسیشن سرٹیفکیٹ بل 2020، سندھ سیکنڈری ایجوکیشن امپرومینٹ پروجیکٹ پر غور کیا۔

اجلاس میں کابینہ نے متفقہ طور پر سکسیشن سرٹیفکیٹ بل 2020 منظور کر لیا، جس کے تحت انتقال کرنے والے شخص کے ورثاء کورٹ جانے کے بجائے نادرا جاسکیں گے، بل اسمبلی میں متعارف کروانے کے بعد کمیٹی کو بھیجا جائے گا۔
کابینہ نے نئی گاڑیوں کی خریداری کیلئے کمیٹی بھی قائم کردی، جو حکومت کے پاس موجود گاڑیوں کا جائزہ لے گی۔

گاڑیوں کی الاٹمنٹ پالیسی بنانے کیلئے کمیٹی میں میر شبیر بجارانی، مکیش کمار چاولہ اور سہیل انور سیال شامل ہوں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ جو گاڑیاں تھوڑی مرمت سے استعمال ہوسکتی ہیں وہ افسران کو الاٹ کی جائیں۔