سندھ: کورونا ویکسین نہ لگوانے والے ہیلتھ ورکرز کیخلاف کارروائی شروع

Corona Vaccine

Corona Vaccine

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) محکمہ صحت سندھ نے کورونا ویکسین کا دائرہ کار مزید بڑھاتے ہوئے ویکسین لگوانے سے انکار کرنے والے ہیلتھ ورکرز کے خلاف کارروائی شروع کر دی۔

ڈویژنل سطح پر قائم کورونا ویکسین مرکز میں میرپورخاص، عمرکوٹ اور تھرپارکر اضلاع کے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگانے کا سلسلہ جاری ہے۔

تاہم بعض ہیلتھ ورکرزکی جانب سے لازمی ویکسین سے انکار کا بھی انکشاف ہوا ہے جس کے بعد ان کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

محکمے کی پالیسی یہ ہے کہ ویکسینیشن سےکوئی منع نہیں کرسکتا اور اگر منع کرے گا تو اس کو جو بینیفٹ الاؤنسز ملے ہیں وہ روک دیے جائیں گے بلکہ ری ایمبرز بھی ہوں گے۔

کورونا ویکسین کا دائرہ کار اب فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز سے بڑھا کرنجی شعبے کے بھی تمام ڈاکٹرز اور ہیلتھ ورکرز تک پھیلا دیا گیا ہے۔

چین سے درآمد کی گئی ویکسین دو خوراکوں پر مشتمل ہے جو 21 روز کے وقفے سے لگے گی۔

محکمہ صحت کے حکام نے توقع ظاہر کی ہے کہ آئندہ چند ہفتوں کے دوران کورونا ویکسین دیگر سرکاری اداروں کے ملازمین سمیت عام افراد کے لیے بھی دستیاب ہو گی۔