صومالی صدر عبداللہ فرماجو غیرآئینی ہو چکے ہیں: صدارتی امیدوار

 Abdullahi Farmajo

Abdullahi Farmajo

صومالیہ (اصل میڈیا ڈیسک) افریقی ملک صومالیہ کے ایک سینیر سیاست دان اور صدارتی امیدوار طاہر محمود غیلی نے گفتگو کرتے ہوئے صدر محمد عبداللہ فرماجو کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان پر غیرقانونی طور پر منصب صدارت سے چمٹے رہنے کا الزام عاید کیا۔
طاہر محمود غیلی نے کہا کہ صدر فرماجو آئینی طور پر اپنے عہدے کی مدت ختم کرچکے ہیں۔ اب ان کا اقتدار میں چمٹے رہنا دستور کے خلاف ہے اور اس کےنتیجے میں ملک میں آئینی اور سیکیورٹی بحران پیدا ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر عبداللہ فرماجو کا اقتدار سے چمٹے رہنا ملک وقوم کے مفاد کے خلاف ہے اور اس کے نتیجے میں کئی سنگین بحران جنم لے رہے ہیں۔

صومالیہ میں صدارتی امیدوار نے کہا کہ صدر عبداللہ فرماجو نے اقتدار کی پرامن منتقلی سے انکار کرکے ملک میں آئینی اور سیکیورٹی بحران پیدا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال ملک کے مستقبل کے لیے تباہ کن ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ملک کی موجودہ دگر گوں سیاسی صورت حال خطرے کی گھنٹی ہے۔

ادھر عرب لیگ نے صومالیہ کے دارالحکومت موغا دیشو میں ہونے والے پرتشدد واقعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ یہ پرتشدد واقعات ایک ایسے وقت میں رونما ہوئے ہیں جب دوسری طرف صدر عبداللہ فرماجو اور ان کے مخالفین کے درمیان انتخابات سمیت دوسرے امور پر سخت اختلافات پائے جاتے ہیں۔

عرب لیگ کے ایک ذمہ دار ذریعے نے بتایا کہ عرب لیگ صومالیہ میں ہونے والے پرتشدد واقعات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور تمام فریقین سے پرامن رہنے اور تمام مسائل کو بامقصد اور تعمیری بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر زور دیتی ہے۔